عمران خان کا فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ

عمران خان کا فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ فائل فوٹو عمران خان کا فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ

عمران خان نے ایک بار پھر فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور مولانا فضل الرحمان کو ڈر ہے کہ اگر فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو گیا تو اس کا سب سے زیادہ فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا، فاٹا کے انضمام کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان بہت ہی خطرناک گیم کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں پرانا نظام ختم ہو چکا ہے جس کے باعث وہاں ایک خلا موجود ہے، وہاں خلاء رہا تو ڈر ہے اور رپورٹس بھی ہیں کہ وہاں دوبارہ دہشت گردی شروع ہوجائے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ قبائلیوں اور پاکستان سے ظلم ہو رہا ہے، قبائلی علاقوں کو صرف عدالت کا دائرہ کار دینا کافی نہیں ہے، مطالبہ کرتے ہیں کہ فاٹا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا ضم کیا جائے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے اور استعفے دینے سے متعلق سوال پر عمران خان کا کہنا تھا تمام پارٹی اراکین نے استعفے میرے پاس جمع کرا دیے ہیں، جن چاہوں کا خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کر کے استعفے دیدوں گا۔

شیخ رشید سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ مجھے سے بہت تجربہ کار سیاستدان ہیں، ان سے بھی اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ میں جس سطح کی کرپشن ہے اس پر ماہرین کی کمیٹیاں بنا رہے ہیں جو خود کرپشن کا ڈیٹا اکٹھا کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان اور اورنج لائن میٹرو منصوبوں میں کک بیکس لی گئیں، جو معاہدے کیے گئے اس پر کمیشن لیا گیا، ملتان میٹرو کا معاملہ سامنے آگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اورنج لائن ٹرین ہمارے ٹیکس کے 200 ارب روپے سے بن رہی ہے، وہ خفیہ کینٹریکٹ کیسے ہوسکتا ہے، ایل این جی بھی خفیہ معاہدہ ہے، یہ سب میگا کرپشن ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں عمران خان کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسمبلیوں سے استعفے دینے اور خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی کے اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹس کی تقسیم کے لیے تجاویز پیش کی گئیں جب کہ کمیٹی نے پارٹی کی رکنیت سازی مکمل کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

install suchtv android app on google app store