غیر ملکی فنڈنگ کیس: (ن) لیگ نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیئے

غیر ملکی فنڈنگ کیس: (ن) لیگ نے پی ٹی آئی کے الزامات مسترد کردیئے فائل فوٹو

الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف مبینہ غیر ملکی فنڈنگ کے معاملے پر تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت ہوئی جس دوران مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کے غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق الزامات پر جواب جمع کرایا۔

(ن) لیگ نے پارٹی اکاؤنٹس کا گزشتہ 10 سال کا ریکارڈ جمع کرایا اور جواب میں مؤقف اپنایا ہےکہ درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں، وہ اس معاملے پر درخواست نہیں دے سکتا، درخواست گزار نے پرانے قانون کا حوالہ دیا جو ختم ہو چکا ہے۔

جواب میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) 2002 سے پارٹی تفصیلات جمع کرارہی ہے، ایک سیاسی جماعت کی طرف سے دائر درخواست من گھڑت اور بے بنیاد ہے، درخواست گزارکے سیاسی مقاصد ہیں لہٰذا درخواست خارج کی جائے۔

(ن) لیگ کے جواب پر تحریک انصاف کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جواب میں راجا ظفرالحق کا بیان حلفی لگایا ہے

راجاظفرالحق کو پاور آف اٹارنی دے کر بیان حلفی لگایا جاسکتا ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت یکم فروری تک ملتوی کرتے ہوئے (ن) لیگ کو راجا ظفرالحق کا پاور آف اٹارنی جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔

install suchtv android app on google app store