لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ ان کے والد پاکستانی ہیں اور انہیں اس بات پر بہت فخر ہے۔
لاہور کے الحمرا ہال میں لندن کے میئر صادق خان کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میں لاہور میں ملنے والی عزت پر سب کا بے حد مشکور ہوں۔ پاکستان میں قابل ستائش ترقی ہوئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا مستقبل بہت بہتر ہے۔ پاکستان لندن سمیت دنیا بھر کی معیشت میں بہتر جگہ پاسکتا ہے۔
صادق خان نے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ رواں سال لندن میں دہشت گردی کے 4 واقعات پیش آئے۔ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑے گا۔ انہوں نے اپنے والد کے پاکستانی ہونے پر کہا کہ میرے والد پاکستانی ہیں اور مجھےاس پر فخر ہے۔
صادق خان بدھ کی صبح 16 رکنی وفد کے ہمراہ بھارت کے شہر امرتسر سے براستہ واہگہ بارڈرپاکستان کے شہر لاہور پہنچے۔ واہگہ بارڈر پر ان کا استقبال لاہور کے میئر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر اہم شخصیات نے کیا۔
London Mayor Sadiq Khan arrives in #Pakistan on an official visit through #Wagah Border.He was received by Lahore Mayor Colonel (retd) Mubashir at the Border. He is scheduled to spend three days in Pakistan and will travel to Lahore, Islamabad, and Karachi. pic.twitter.com/HEmooP5XQr
— Govt of Pakistan (@pid_gov) December 6, 2017
صادق خان اور ان کے وفد کو سخت سیکیورٹی میں مال روڈ پر واقع نجی ہوٹل لایاگیا۔ جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف نے ٹوئٹر پر صادق خان کی لاہور آمد پر ٹوئٹ کیا ’ ہم برطانیہ کے تاریخی شہر لندن کے میئر کو پاکستان کے تاریخی شہر لاہور آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
We welcome Mayor @SadiqKhan from the historic city of London to the historic city of Lahore ...
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) December 6, 2017
لندن کے میئر صادق خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی شائستہ انگریزی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’میں کہنا چاہتا ہوں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی انگلش میری اردو سے بہت اعلیٰ ہے‘۔
واضح رہے کہ صادق خان پاک بھارت کے دورے پر ہیں جس کے پہلے مرحلے میں انہوں نے بھارت کے تین شہروں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں صادق خان امرتسر سے لاہور آئے ہیں اور اس کے بعد وہ کراچی اور اسلام آباد کا دورہ بھی کریں گے۔ کراچی میں میئر صادق خان مزار قائد پر بھی حاضری دیں گے۔