پہلے آمر اب عدلیہ نے حکومت ختم کردی: نواز شریف

 نواز شریف فائل فوٹو نواز شریف

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ 1999 میں جنرل (ر) پرویز مشرف نے ہماری حکومت ختم کی، اس بار عدلیہ نے ایسا کردیا۔

لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ’پانچ ججوں نے جو کیا، اس سے ملک کا ستیا ناس ہوگیا، انہوں نے ملک کو ہلا کر رکھ دیا، قوم تک یہ باتیں پہنچ رہی ہیں، قوم دیکھ رہی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ڈکٹیٹر بھی وزیراعظم کو پکڑتا ہے اور جج بھی وزیراعظم کو پکڑتے ہیں، میں اس احتساب کو قطعاً نہیں مانتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہوتا ہے کہ بہت محنت سے ہم نے ملک کے معاملات ٹھیک کیے، بجلی لائے، دہشت گردی کم کی لیکن اب پھر دہشت گردی ہونے لگی ہے تاہم ہمیں یہ صلہ ملا کہ میرے اور میرے بچوں کے خلاف مقدمے بنائے گئے۔

نواز شریف نے کہا کہ ملک میں جو اندھیرے پیدا کرتے ہیں وہ عیش کررہے ہیں اور جو روشنیاں پھیلاتے ہیں وہ پریشان ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں جب سے اقتدار سنبھالا ہے دھرنے دیکھتے آئے ہیں، یہ کیسا رواج بن گیا ہے، کوئی دھرنوں سے کم بات ہی کرتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم عوام کی توقعات پر پورا اترے ہیں، 2013 میں 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، ہم نے وعدہ کیا کہ ہم اسے ختم کریں گے، آج لوڈشیڈنگ نہ صرف ختم ہوگئی بلکہ ہم اضافی بجلی بھی پیدا کررہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store