پیپلز پارٹی کے 50 سالہ جشن کی تیاریاں مکمل، شہر اقتدار میں جلسے کیلئے پنڈال تیار

بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب  کر رہے ہیں فائل فوٹو بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کر رہے ہیں

پیپلز پارٹی اپنے 50 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرنے جارہی ہے۔ شہر اقتدار میں پیپلز پارٹی کے جلسے کیلئے پنڈال سج گیا۔ بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی اسلام آباد میں موجود، شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی پہنچ گئے۔ پارٹی یوم تاسیس کے پچاس سالہ جشن کیلئے جیالے پرجوش ہیں۔

پیپلزپارٹی کی گولڈن جوبلی کے جلسے کی تیاریاں مکمل، جیالوں اور جیالیوں کا جوش و خروش عروج پر، پارٹی ترانوں پر خوب رقص کیا۔

پریڈ گراؤنڈ کے علاوہ شہر کو بھی پارٹی جھنڈوں، بینرز اور قائدین کی تصاویر سے سجا دیا گیا۔ ایک سو ساٹھ فٹ لمبا، چالیس فٹ چوڑا اور تیس فٹ اونچا اسٹیج تیار، پنڈال میں ہزاروں کرسیاں بھی لگا دی گئیں۔ جلسے میں عارف لوہار، طفیل سنجرانی اور تھری گلوکار فقیر شوکت علی سمیت درجنوں فنکار جلسے کی رونق بڑھائیں گے۔

 جلسے میں شرکت کیلئے ملک بھر سے جیالوں کے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، شیری رحمان، نیئربخاری اور دیگر رہنما رات گئے تک انتظامات کاجائزہ لیتے رہے۔

 وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور تیاریوں کا جائزہ لیا، کہتے ہیں آج کامیاب جلسہ ہو گا۔

جلسے کا باقاعدہ آغاز سہ پہر تین بجے ہو گا۔ پارٹی کے مرکزی قائدین کے بعد بلاول بھٹو زرداری چھ اور سات بجے کے درمیان اختتامی خطاب کریں گے اور جیالوں کو آئندہ کا لائحہ عمل بتائیں گے۔

install suchtv android app on google app store