عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ

 چیئرمین تحریک انصاف عمران خان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان

الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت سے متعلق پی ٹی آئی کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر سماعت کی۔

عمران خان کی جانب سے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کی جائے ۔

وکیل بابر اعوان نے الیکشن کمیشن سے عمران خان کو بھیجا گیا شوکاز نوٹس بھی ختم کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے کیس کو بھی دیگر کیسز کی طرح سنا جائے۔

اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو معافی کے لئے 13 مواقع دیے گئے لیکن ان کی جانب سے معافی کا ایک لفظ بھی نہیں کہا گیا۔

الیکشن کمیشن نے اکبر ایس بابر کی متفرق درخواست پر عمران خان کو 27 ستمبر کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کے جواب کا 27 ستمبر کو جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد فیصلہ سنایا جائے گا۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے جہلم اور ساہیوال کے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر عمران خان اور حمزہ شہباز کو نوٹس جاری کیا تھا، تاہم حمزہ شہباز نے الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معافی مانگ لی تھی۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی روکنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی۔

 

install suchtv android app on google app store