ملالہ یوسفزئی کا روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کے خاتمے کا مطالبہ

پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی

پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی پر ملالہ یوسفزئی کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب بھی میں خبریں دیکھتی ہوں تو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار پر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے اپنے ایک پیغام میں مطالبہ کیا ہے کہ روہنگیا میں تشدد کا خاتمہ کیا جائے۔

ملالہ یوسف زئی نے میانمار میں فوج اور انتہا پسند بدھسٹوں کی جانب سے مسلمانوں پر جاری مظالم کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل غم سے چور ہے۔ ملالہ نے میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی سے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے شرمناک سلوک کی مذمت کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

ملالہ نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم بند کیے جائیں، میانمار کی سیکیورٹی افواج معصوم اور بے ضرر بچوں کا قتل عام کررہی ہیں، ان کے گھروں کو بھی جلا کر راکھ کا ڈھیر بنادیا گیا ہے، روہنگیا مسلمان نسلوں سے میانمار میں مقیم ہیں، اگر وہ میانمار کے شہری نہیں تو پھر کس ملک کے شہری ہیں، انہیں میانمار کی شہریت دی جائے، پاکستان سمیت دیگر ممالک دہشتگردی و مظالم کے باعث ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کو پناہ، خوراک اور تعلیم فراہم کریں۔

انھوں نے کہا کہ دیگر ملکوں اور میرے وطن پاکستان کو بنگلا دیش کی پیروی کرتے ہوئے روہنگیا مسلمانوں کو خوراک، گھر اور تعلیم تک رسائی فراہم کرنی چاہیے۔

install suchtv android app on google app store