Wed 13 December 2017

چیئرمین پیمرا کی اپیل پر وزیراعظم اور آرمی چیف کا نوٹس

وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کروادی۔

ریجنل مینیجرز کانفرنس کے دوران چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیمرا ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا ہے اور اس حوالے سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

چیئرمین پیمرا کو کرائی گئی یقین دہانی کے مطابق اتھارٹی کے ملازمین کی جان ومال کا تحفظ کیا جائے گا اور ریاستی امور کی بجا آوری میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ابصار عالم کا کہنا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کا آغاز بھی ہو گیا ہے جو ایک خوش آئند امر ہے۔

یاد رہے کہ چیئرمین پیمرا نے رواں ہفتے 8 مئی کو ایک پریس کانفرنس کے دوران پیمرا افسران کو ملنے والی دھمکیوں سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔

پریس کانفرنس کے دوران ابصار عالم نے ایک ٹیلی فون کال بھی سنوائی جس میں کال کرنے والا شخص کو دھمکیاں دیتے اور ایک چینل کو فعال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا تھا۔

ابصار عالم نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے ادارے کے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

Leave a comment

Make sure you enter all the required information, indicated by an asterisk (*). HTML code is not allowed.