پی آئی اے: پائلٹ چینی دوشیزہ کو دوران پرواز کاک پٹ میں لے آیا

پی آئی اے جیسے قومی ادارے کے باکمال لوگوں کی لاجواب سروس اکثر خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں اور یہ خبریں کوئی اچھا تاثر نہیں چھوڑتی بلکہ ادارے کے ملازمین کی غیر پیشہ وارانہ سرگرمیوں کی قلعی کھولتی ہے اور ایسا ہی ایک اور واقعہ سامنے آیا جس میں دوران پرواز طیارے کا پائلٹ درجنوں مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کر ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں لے آیا اور 2 گھنٹے تک راز و نیاز کرتا رہا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ٹوکیو سے بیجنگ جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 853 میں پائلٹ نے انتہائی غیر زمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے ہی میں سوار ایک چینی دوشیزہ کو کاک پٹ میں بلاکر بٹھالیا اور دوستی کی پینگیں بڑھاتا رہا۔

پائلٹ سیکیورٹی کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے چینی خاتون سے نا صرف 2 گھنٹے سے زیادہ باتوں میں مصروف رہا بلکہ لینڈنگ کے وقت بھی چینی خاتون کو اپنے ساتھ بٹھائے رکھا اور عملہ کو کاک پٹ سے باہر نکال دیا۔

چینی خاتون کو کاک پٹ میں بٹھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پی آئی اے انتظامیہ نے واقعہ کو نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ مسافر کو کاک پٹ میں لے جانا جہاز کو خطرے میں ڈالنے والی بات نہیں لیکن کاک پٹ میں چینی خاتون کو سیر کرانے کے معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

جہاز کا عملہ ابھی بھی بیجنگ میں موجود ہے اور واقعہ سے متعلق آگاہی کے لیے عملے سے رابطہ کیا جارہا ہے۔

install suchtv android app on google app store