یہ بات گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کراچی میں شرح سود برقرار رکھنے کی پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کو بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد نئے ڈیزائن کے نوٹوں پر کام شروع کردیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے کرنسی نوٹ لانے کا عمل جاری ہے جس کے لیے ڈیزائن کا انتخاب کرلیا گیا ہے، ایک بین الاقوامی ماہر کا ڈیزائن منتخب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پریس کانفرنس کے دوران نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود کوآئندہ 2 ماہ کے لئے 11فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔
گورنر ا سٹیٹ بینک نے کہا کہ تمام معاشی اعشاریے دیکھ کر شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے، معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح 7.2 فیصد ہے، مئی اور جون میں مہنگائی کی شرح کچھ بڑھی ہے،اپریل سے مہنگائی میں اضافے کا رجحان شروع ہوا، گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں 4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔