وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پنجاب کے ریلوے اسٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ سروس جلد فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز اور ٹرینوں میں صفائی کا نظام بہتر کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ریلوے میں بہتری اور شفافیت میری اولین ترجیح ہے۔ اور مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے اسپتالوں اور اسکولوں کو آؤٹ سورس کر رہے ہیں۔ روہڑی، کراچی ٹریک کو بہتر بنانےجا رہے ہیں۔ اور وزیر اعلیٰ پنجاب ریلوے کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔ پنجاب میں ریلوے اسٹیشنز پر مفت انٹرنیٹ سروس فراہم کریں گے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کی بہتری کے لیے تعاون پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھی شکر گزار ہیں۔ تھرکول تک ریلو ے ٹریک بچھا رہے ہیں۔ اور ریکوڈک منصوبے کی کامیابی کے لیے بھی ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔ ریلوے کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 77 سال پہلے والا پاکستان نہیں۔ اور آج دنیا میں پاکستان کی عزت ہے جو اس سے پہلے نہیں تھی۔ آج ہم عزت کے ساتھ سراٹھا کر پوری دنیا میں پھر سکتے ہیں۔ اور وزیر اعظم کی بہترین خارجہ پالیسی اور فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے پاکستان کا وقار بلند ہوا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف بہت بڑی فتح حاصل کی۔ اور ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ نوازشریف اور مریم نواز نے صبر اور استقامت کے ساتھ جیل کاٹی ہیں۔ اور آج بھی لوگ جیل کاٹ رہے ہیں لیکن چیخیں اور گالم گلوچ ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان ایک بدلا ہوا پاکستان ہے۔ ہم نے اپنے سے 10 گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔ اور دنیا نے پاکستان کی طاقت کو تسلیم کر لیا ہے۔ آج بھارت اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔ جبکہ کچھ لوگ جنگ کی حالت میں بھی پاکستانی قوم کو تقسیم کرنا چاہتے تھے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اور چند عناصر نے ہمیشہ ملک کے خلاف سازشیں کیں۔ جب پاکستان پر حملہ ہوا تو سارے ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر پاور پلانٹس کے خلاف آواز بلند کی۔ 10 آئی پی پیز کو بند کیا جبکہ 15 کو بند کرنے جا رہے ہیں۔ اور آج بھی کہتا ہوں ان مگر مچھوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔