لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم موجود ہے جس کے زیر اثر صوبے کے بیشتر اضلاع میں کل بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بادل برسانے والا سسٹم موجود ہے، تاہم آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا کہ لاہور میں بھی موسم خشک رہے گا، آج بارش کا امکان نہیں ہے، کل لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادلوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بیان کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، کرم، باجوڑ، مہمند میں آج بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز باجوڑ،مردان،مالاکنڈ،لوئر دیر،مانسہرہ ،خیبر،سوات،کوہاٹ سمیت خیبر پختونخوا کے کئی شہروں میں طوفانی بارشیں ہوئیں۔
ضلع خیبر میں سیلابی ریلےمیں گاڑی بہہ گئی جبکہ آسمانی بجلی گرنے سے ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
ادھر بٹ گرام میں پہاڑوں سے آنے والا سیلابی ریلا کئی موٹرسائیکلیں بہا لے گیا، موسلا دھار بارشوں سے باغات اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
کراچی میں آج وقفے قفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرکا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گرم موسم کے ساتھ آج شہر میں وقفے وقفے سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور سمندری ہوائیں 8کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 71 فیصد ہے۔
