وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ دونوں رہنماؤں کی ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دو طرفہ امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مزید بتایا گیا کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانے اور اس حوالے سے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو ملائیشیا کو سال 2025 کے لیے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی ایسوسی ایشن ( آسیان) کی چیئرمین شپ ملنے پر مبارکباد دی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم نے آسیان میں بطور سیکٹورل ڈائیلاگ پارٹنر پاکستان کی مسلسل شراکت داری کا خیرمقدم کیا، انہوں نے پاکستان اور آسیان کے درمیان روابط اور آسیان میں پاکستان کے وسیع تر کردار کی حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزرائے اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط تعاون کا ذکر کرتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے تمام سطحوں پر بات چیت اور وفود کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن (جے ایم سی) اور دو طرفہ مشاورت بڑھانے کے لیے حکمت عملی کی اہمیت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سیری انور ابراہیم تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔
داتو سیری انور ابراہیم اپنے تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اسلام آباد پہنچنے پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو سلامی دی تھی، جبکہ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پھول پیش کیے تھے۔
نور خان ایئر بیس پر شہباز شریف کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر کامرس جام کمال خان اور وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی استقبال کے لیے موجود تھے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سیری انور ابراہیم دورے کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے۔