ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہیں، بھارت دہائیوں سے جنوبی ایشیا میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے، پاکستان توقع کرتا ہے کہ دنیا میں کہیں بھی پاکستانی اور کشمیری ہیں انہیں متعلقہ حکومتیں تحفظ فراہم کریں۔
ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ بھارت نے جون 2021 میں لاہور میں دہشت گردی کی کارروائی کی، سال 2016 میں بھارتی را کے کمانڈر کلبھوشن کو گرفتار کیا گیا، بھارتی کمانڈر نے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا اعتراف کیا، کلبھوشن کے اسٹیٹس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا گیا، نیو یارک میں سائیڈ لائنز پر بھارت سے ملاقاتوں کا امکان نہیں۔
کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل پر بھارت کے ملوث ہونے پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا بھارت کا ماورائے عدالت قتل کانیٹ ورک اب عالمی سطح پر پھیل چکا ہے، کینیڈا میں قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی خبروں نے اس کی تصدیق کردی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں سے بھارتی ایجنسی را جنوبی ایشیا میں اغوا ،قتل کی وارداتوں میں سرگرم رہی، پاکستان را کی جانب سےٹارگٹ کلنگ اور جاسوسی کے سلسلےکانشانہ بنا ہواہے۔
دسمبر2022 میں پاکستان نے لاہورحملےمیں بھارت کےملوث ہونےکے شواہد دیئےتھے، لاہور حملے کی منصوبہ بندی بھی بھارتی انٹیلی جنس نے کی تھی۔
سال 2016میں بھارتی فوجی افسر کمانڈر کلبھوشن یادیو کو پاکستان سے پکڑاگیا، جس کے بعد کلبھوشن یادیو نےتخریب کاری ،مالی معاونت میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔
بھارت کی جانب سے کینیڈین شہری کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، یہ غیر ذمہ دارانہ عمل عالمی ذمہ داریوں سےمتعلق بھارت کے دعوےپر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔