مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پرویز الٰہی کے وکلا یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ پولیس افسران کو سزائیں دلوا کر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ کسی جج نے پولیس کو کہا کہ گھر چھوڑ کے آؤ، یہ تاریخی کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وکلا دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی بات ہو گئی ہے، کورٹ نوٹس کرے گی اور پولیس افسروں کو توہین عدالت پر سزائیں سنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے اس شخص نے ہمیشہ یہ بھڑکیں ماریں کہ میں نے عدالتوں کو مینج کرلیا ہے، اب اگر ان کے وکلا وقت سے پہلے یہ کہہ رہے ہیں کہ جج صاحب کل ہی پولیس افسران کو سزائیں دے دیں گے تو یہ سسٹم پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے کہ وہ کرپشن کا پیسہ جاتا کہاں ہے، جو 2300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔
لیگی رہنما نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ پرویز الٰہی کے وکلا اور لاہور ہائیکورٹ کے جج کے درمیان کیا طے پایا؟ اربوں روپے کے ڈاکے مارنے والے کی رہائی کی خاطر توہین عدالت لگانے کی ڈیل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پہلی دفعہ کسی جج نے پولیس کو کہا کہ گھر چھوڑ کے آؤ، یہ تاریخی کرپشن پر تاریخی ریلیف ہے۔