سپریم کورٹ معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی: چیف جسٹس

عمر عطا بندیال فائل فوٹو عمر عطا بندیال

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطاء بندیال نے کے الیکٹرک نجکاری کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ معاشی معاملات میں ہماری مہارت نہیں، سپریم کورٹ معاشی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔

سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک کی نجکاری کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پارلیمنٹ نے آرٹیکل 184 کی شق 3 سے متعلق دو قوانین بنائے، پرانے مقدمات اس لیے مقرر کررہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں ایشو تازہ ہے یا نہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا آئندہ ہفتے چھٹیاں شروع ہو رہی ہیں،ججز نہیں ہوں گے، کے الیکٹرک کی نجکاری کو اٹھارہ سال ہو چکے، آپ ہدایات لے لیں، کل کیس سنیں گے۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹریک کی نجکاری کیخلاف 2015میں درخواست دائر کی تھی،چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کررہی ہے ۔ جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بنچ کا حصہ ہیں۔ سپریم کورٹ نے حکومت، اٹارنی جنرل، کے الیکٹریک سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

install suchtv android app on google app store