پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے پچیس برس مکمل ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ افواج اور عوام کو ٹکرا دے، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پروا نہیں کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی پیش کش انہیں آہنی عزم و ارادے سے ہٹاسکی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ 25 سال قبل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا تھا اور اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ ہم آزاد ہیں۔ قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے اور آج کے دن کا سبق یہ ہے کہ قوم متحد ہو کر ہر مشکل کا سامنا کرسکتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ آج میں اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنا کر پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی قوت بنایا۔
وزیراعظم نے ایٹمی پروگرام کے بانی ذوالفقار علی بھٹو اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ بینظر بھٹو نے اس وقت بطور اپوزیشن لیڈر جوہری دھماکوں کے فیصلے کی تائید کی۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کے موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان سمیت جوہری پروگرام کے تمام ہیروز کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے تمام دوست ممالک خاص طور پر سعودی عرب کی قیادت کا تہہ دل سے مشکور ہوں کہ جب ایٹمی دھماکوں کے نتیجے میں پاکستان کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تو ہمارے محسنوں نے پاکستان کا ساتھ دیا۔