پی ٹی آئی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر شیخ رشید کا ردعمل سامنے آگیا

شیخ رشید فائل فوٹو شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور عمران خان کے حامی شیخ رشید احمد کا پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے پر ردعمل سامنے آگیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو لوگ پارٹیاں چھوڑ رہے ہیں ان میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جو پہلی بار پارٹی چھوڑ رہا ہو، جہاں جہاں نظریہ ضرورت جائے گا وہاں وہاں یہ جائیں گے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ میں بار بار کہہ رہا ہوں کے مسئلہ اقتصادی ہے، غربت ہے، مہنگائی اور بیروزگاری ہے، کسے کے آنے اور جانے سے سیاست کی صحت پے کوئی اثر نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا ہے کہ فیصلے وہی کر رہے ہیں جو ہمیشہ سے کرتے آرہے ہیں، سیاسی کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں، بکنے والوں کی منڈیاں لگی ہیں، لوگوں کو صرف کیمرے کے آگے سے گزارا جارہا ہے،  لوگوں کے انگوٹھے کاٹ دیں پھر بھی موجودہ حکومت کو ووٹ نہیں پڑیں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب جج یہ کہتے ہیں آپ کو پریس کانفرنس کے بغیر نہیں چھوڑیں گے اور ٹویٹ ڈیلیٹ کریں، دنیا کو سمجھ آ جاتی ہے کہ پردے کے پیچھے کیا ہو رہا ہے، چیف جسٹس صاحب نے کہا ہے وہ اللہ کی رضا کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اللہ کی رضا مخلوق خدا کی داد رسی میں بھی ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ جشن منانے والے سن لیں، ایک ماہ میں ان پر بھی وقت آنے والا ہے۔

install suchtv android app on google app store