9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے: صدر مملکت

ڈاکٹر عارف علوی فائل فوٹو ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کی کھل کر مذمت کرنی چاہیے، 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہیے، مارپیٹ نہیں ہونی چاہیے، ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔

نجی نیوز چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ کارروائی میں انسانی حقوق کا خیال رکھنا چاہیے، مارپیٹ نہیں ہونی چاہیے، ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔

صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تقرری کی مخالفت نہیں کی تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ جنرل باجوہ کو کہہ دیں جس کو ادارہ آرمی چیف بنائے قبول کریں گے۔

خیال رہے کہ صدر مملکت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عمران خان کی گرفتاری اور اس کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق خط ارسال کیا تھا۔

خط میں عارف علوی نے عمران خان کی گرفتاری کے طریقہ کار اور اس کے بعد ہونے والے پرتشدد احتجاج پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آئین اور رولز آف بزنس 1973 کے تحت مجھے ملک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ رکھیں، میں آپ کی توجہ عمران خان کی گرفتاری کے طریقہ کار اور نتائج کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں، ایک سابق وزیر اعظم کے ساتھ جو بدسلوکی دکھائی گئی ہے میں اور پاکستانی عوام اس واقعے کی ویڈیو دیکھ کر حیران رہ گئے۔

install suchtv android app on google app store