14 مئی کو صرف پنجاب میں انتخابات کسی صورت قبول نہیں: نواز شریف

نواز شریف فائل فوٹو نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت ساتھ انتخابات کے مطالبے سے پیچھے نہ ہٹے، 14 مئی کو صرف پنجاب میں انتخابات قطعی قبول نہیں۔ ایک ہی روز الیکشن کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات ملک و قوم کے لئے کیے لیکن ان کی گارنٹی دینے والا ہی کوئی نہیں۔

مسلم لیگ ن کی سینئر قیادت کا انتہائی اہم اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران پنجاب کی سیاسی، معاشی، قانونی، پارٹی و دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ایک ہی دن انتخابات کی تاریخ، دیگر معاملات سے متعلق بارے اتحادیوں سے ملکر سب کچھ طے کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل عوامی ریلیف کےلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔

نواز شریف نے کہا کہ مذاکرات ملک و قوم کے لئے کیے لیکن دوسری طرف ذاتی مفادات، ملک و اداروں کو بدنام کرنے کی جنگ اور ملک کو جنہوں نے ساڑھے تین سال نقصان پہنچایا ان کی گارنٹی دینے والا ہی کوئی نہیں۔ ہمیں فوری طورپر عوام کے مسائل حل کرنے اور مہنگائی کو کم کرنے کےلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے ملک و قوم کےلئے اپنا اپنا کردار ادا کرے۔ جو ہم نے دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا وہ ساڑھے تین سالوں میں ملک و عوام دشمنوں نے ترقی کو تباہ کردیا۔ عوام ان کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ کچھ ایسے لوگ ہوتے ہیں جن کو ترقی ہضم نہیں ہوتی، عوام کو ایسے افراد سے بچنا ہوگا اور ہمیں صرف ملک و قوم کا سوچنا ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو بہت جلد عوامی ریلیف بارے خوشخبری دیں گے۔ ریلیف پیکیج سے عوامی مشکلات کم ہونگی۔ ایک سال ہوگیا ملک کی بہتری و ترقی کےلئے اتحادیوں سے لیکر محنت کررہے ہیں، جلد خوشخبریاں عوام کودیں گے۔

install suchtv android app on google app store