پنجاب، کے پی انتخابات ملتوی کیس: سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بینچ ٹوٹ گیا

سپریم کورٹ فائل فوٹو سپریم کورٹ

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ میں شامل جسٹس امین الدین نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کا کیس سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد عدالت کا لارجر بینچ ٹوٹ گیا۔ سپریم کورٹ کا 5 رکنی لارجر بینچ جب سماعت کے لیے آیا تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ جسٹس امین الدین خان کچھ کہنا چاہتے ہیں۔

اس موقع جسٹس امین الدین نے کیس سننے سے معذرت کرلی، جسٹس امین نے گزشتہ روز کے فیصلے کے تناظر میں سننے سے معذرت کی۔

جسٹس امین نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کے تناظر میں کیس سسنے سے معذرت کرتا ہوں۔

جسٹس امین الدین کے بات کرنے کے بعد بینچ کورٹ روم سے چلا گیا۔

جسٹس امین کی جانب سے معذرت کرنے کے بعد عدالت کا لارجر بینچ تحلیل ہوگیا اور اب کیس میں نیا بینچ تشکیل دیا جائے گا۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری (ازخود نوٹس) کے تمام کیسز ملتوی کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالتی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 متفقہ طور پر قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا تھا۔

بل کے مطابق سپریم کورٹ کے تین سینیئر ترین ججز پر مشتمل کمیٹی از خود نوٹس کا فیصلہ کرے گی جبکہ از خود نوٹس کے فیصلے پر 30 دن کے اندر اپیل دائر کرنے کا حق ہوگا۔

install suchtv android app on google app store