پی ڈی ایم حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے: حماد اظہر

حماد اظہر فائل فوٹو حماد اظہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سانحہ ہے، جو پچھلے 11ماہ میں تباہی آئی ہے اس سے قبل قدرتی آفات میں بھی نہیں ہوا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حماد اظہر نے کہا کہ کیا یہ کوئی حیرت انگیز بات ہے کہ معیشت کہاں کھڑی ہے، آج عالمی اداروں کو آپ کی حکومت پر اعتماد نہیں رہا، کیا یہ پی ٹی آئی کا قصور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاتھ باندھ کر ہم کہتے ہیں کہ استعفیٰ دے دیں گھر چلے جائیں، ملک کو ایک نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے، ہراساں کرنے، آڈیو اور ویڈیو لیک کرنے سے ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ اس وقت ڈالر کا ریٹ 278 تک پہنچ گیا اور اوپن مارکیٹ میں 310 تک پہنچ گیا، آئی ایم ایف پروگرام کا کیا بنا کسی کو کچھ پتہ نہیں؟ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ پچھلے 11 ماہ میں 62 فیصد روپے نے اپنی قدر کھوئی۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ برآمدات آپ کی تباہ ہو چکی ہیں، یہ تمغے پی ڈی ایم حکومت کو جاتے ہیں، بین الاقوامی اداروں نے ریٹنگ سی اے اے 3 کی ہے، آج دوبارہ ہماری معیشت تباہ ہو گئی ہے، 11 ماہ سے مسلسل کہہ رہے ہیں کہ ان سے معیشت نہیں سنبھلے گی، بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات 2 ارب ڈالر سے نیچے چلی گئی ہیں۔

install suchtv android app on google app store