صدر مملکت کا صوبائی اسمبلیوں میں الیکشن کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فائل فوٹو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن ’الیکشن ایکٹ 2017‘ کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے، صدر عارف علوی نے اپنے خط میں چیف الیکشن کمشنر کو کہا ہے کہ آئین تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔

صدر مملکت نے اپنے خط میں کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 224 دو اسمبلیاں توڑنے کے 90 دن کے اندر الیکشن کرانے پر زور دیتا ہے، آئین کے مطابق انتخابات کا انعقاد ای سی پی کا بنیادی اور لازمی فرض ہے، انتخابات کے اعلان سے صوبائی اور عام انتخابات سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کیا جا سکے گا، حالیہ عالمی تاریخ ثابت کرتی ہے کہ انتخابات کے التواء نے جمہوریت کو طویل مدتی نقصان پہنچایا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں کہا ہے کہ آئین کا آرٹیکل 218 (3) ای سی پی کو شفاف، آزادانہ انتخابات کےانعقاد کو یقینی بنانے کا فرض تفویض کرتا ہے، الیکشن کمیشن کےفرائض کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں کمیشن ہی کو آئین کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، لہذا آئین اور الیکشن ایکٹ 2017ء کی خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے بچا جائے، اور دونوں تحلیل شدہ اسمبلیوں کے انتخابی شیڈول کا فوری اعلان کیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ قراردادِ مقاصد قوم کے آباؤ اجداد کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہے، آئین میں جمہوری اصولوں، اقدار کی پابندی اور پیروی کے بارے میں کوئی ابہام نہیں، دنیا کی پرانی جمہوریتوں نے جنگوں کے دوران بھی انتخابات میں کبھی تاخیر نہیں کی۔

ڈاکٹر عارف علوی نے امریکا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 1812 میں امریکا نے برطانیہ کے ساتھ جنگ کے باوجود انتخابات کرائے، امریکی صدر ابراہم لنکن نے 1864 خانہ جنگی کے وقت بھی انتخابات معطل کرنے کا نہیں سوچا۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے مختلف حلقوں میں ضمنی انتخابات کا اعلان کر کے مناسب آئینی قدم اٹھایا، اور یہ مصمم خیال ہے کہ ملک میں انتخابات ملتوی یا ان میں تاخیر کرنے کا جواز فراہم کرنے والے حالات نہیں۔

install suchtv android app on google app store