عدالت نے شیخ رشید کیخلاف کراچی اور حب میں درج مقدمات پرکارروائی سے روک دیا

شیخ رشید احمد فائل فوٹو شیخ رشید احمد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کیخلاف سندھ اور بلوچستان میں درج مقدمات پر کارروائی سے روک دیا، عدالت نے بارکونسلز، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کردیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی درخواستوں پر سماعت جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریماکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی وقوعہ پرمختلف شہریوں میں ایف آئی آر کیسے ہوسکتی ہیں؟ آپ نے سیکرٹری انفارمیشن اورایم ڈی پی ٹی وی کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات درج کیے تھے اب وہی کچھ آپ کیخلاف ہورہا ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے شیخ رشید کی درخواستوں پرسماعت کی۔ وکیل شیخ رشید نے موقف اپنایاکہ عدالت نے تھانہ آبپارہ کے طلبی کے سمن کے ضمن میں مزید کارروائی سے روکا تھا لیکن پولیس نے اسی درخواست پرمقدمے کا اندراج کرکے گرفتار کیا ایک اورمقدمہ کراچی میں درج کیا گیا جب شیخ رشید پولیس حراست میں تھے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریماکس دیے کہ بیان دینے کی جگہ پولی کلینک اسپتال ہے توکراچی میں مقدمہ کیسے درج ہوگیا؟ وکیل نے مری مقدمے کا ذکر کیا تو عدالت نے پوچھاکہ تینوں مقدمات میں گرفتاری ہوچکی ہے ؟ وکیل شیخ رشید نے بتایاکہ کہ صرف ایک مقدمے میں گرفتاری ہوئی ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریماکس دیے کہ قانون تویہ کہتا ہے جب ایک مقدمے میں گرفتاری ہو تو باقی میں بھی ہوجاتی ہے۔

وکیل شیخ رشید نے نامعلوم مقام پر منتقل کرنے کے بعد سربراہ عوامی مسلم لیگ سے پوچھے جانے والے سیاسی سوالات پردلائل دیے تو جسٹس طارق محمود جہانگیری نے کہاکہ سمجھ نہیں آرہی کہ یہ سلسلہ کہاں رکے گا۔ ذرا سوچیں اگرخاتون سیکرٹری انفارمیشن کو بڈھ بیر پولیس گرفتارکرکے لے جاتی تو کیا ہوتا ؟۔

عدالت نے موچکواورلسبیلہ میں درج مقدمات پرکارروائی سے روکتے ہوئے بارکونسلز ، اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرل کونوٹسزجاری کردیے، کیس کی سماعت جمعرات تک کیلئے ملتوی کردی گئی ۔

اس سے قبل ہفتہ 4 فروری کو اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ریمانڈ کے حوالے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

عدالت نے شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا اور سندھ منتقل کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کی تھی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store