پاکستان کیخلاف جنگ کرنیوالوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دینگے: وزیراعظم

شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیراعظم شہبازشریف نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف جنگ کرنے والوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اللہ کے گھر کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حملہ آوروں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، دہشت گرد پاکستان کے دفاع کا فرض نبھانے والوں کو نشانہ بنا کر خوف پیدا کرنا چاہتے ہیں، ناحق شہریوں کا خون بہانے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا، 28 افراد شہید، 90 سے زائد زخمی

شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم اور ادارے یکسو اور متحد ہیں، پوری قوم اپنے شہداءکو سلام عقیدت پیش کرتی ہے، خیبرپختونخوا میں امن وامان کی بگڑتی صورتحال پر جامع حکمت عملی اپنائیں گے، وفاق صوبوں کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیت بڑھانے میں تعاون کرے گا۔

وزیراعظم نے مزید کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ صوبوں بالخصوص خیبرپختونخوا کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی صلاحیت بڑھانے میں مدد فراہم کریں۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ضمنی اور عام انتخابات سے قبل دہشتگردی کے واقعات معنی خیز ہیں جبکہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر کے دہشتگردوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ پیپلز پارٹی کے کارکن اور عہدے دار خون کے عطیات دے کر زخمیوں کی جان بچائیں۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بھی پشاور خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار افسوس کیا ہے۔

عمران خان نے کہا ہے کہ میری دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کےساتھ ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کیلئے لازم ہے کہ ہم اپنی انٹیلی جنس میں بہتری لائیں، ضروری ہے کہ اپنی پولیس کو مناسب انداز میں ضروری ساز و سامان سے لیس کریں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور پولیس لائنز دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردوں کا سرگرم ہونا خطرناک ہے۔ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے دہشتگردی کی نرسریوں کو تباہ کرے۔

 

install suchtv android app on google app store