خواجہ آصف نے معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا

خواجہ آصف نے معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا فائل فوٹو خواجہ آصف نے معیشت کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دے دیا

وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار ہے، ان کی سیاست ایک کے بعد دوسرا روپ بدلتی ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے آصف زرداری کے خلاف عمران خان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے الزام لگایا کہ آصف زرداری نے ان کی سپاری دی، پیپلزپارٹی نے دہشت گردی کی جنگ میں بہت بڑی قربانی دی، بینظیر بھٹو نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنی جان دی، اتنے بڑے سانحہ کے باوجود پیپلزپارٹی نے تشدد کا راستہ نہ اپنایا۔

وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان نے ہماری سیاست کا رخ تشدد کی طرف موڑنے کی کوشش کی، پیپلز پارٹی کی لیڈرشپ کو جان کا خطرہ لاحق ہوگیا ہے، عمران خان کا مقصد بھی یہ ہے کہ سیاست میں خون خرابہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بہت سے کارڈ کھیلے اور یہ نیا پتہ کھیلا، اس سے ملک تباہی سے دوچار ہوسکتا ہے، پیپلزپارٹی پی ڈی ایم حکومت کا ایک بڑا حصہ ہے، عمران کو اقتدار چھن جانے کا غم ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا سے شروع ہونے والا الزام محسن نقوی پر آگیا، استعفے دیے اور بڑھکیں ماریں کہ اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا، استعفے منظور ہونے شروع ہوگئے تو کہا اسمبلی میں واپس جارہے ہیں، استعفے منظور ہوگئے تو اب عدالتوں اور الیکشن کمیشن میں جارہا ہے، یہ ایک دن میں پینترے بدل لیتا ہے۔

ن لیگ کے رہنما نے مزید کہا کہ کوئی سانحہ ہوا تو اس کی ذمہ داری عمران خان پر ہوگی، میں جیل گیا تو نہ کھانا اور نہ بستر ملا، میں ریمانڈ کے لئے عدالت آیا لیکن رونا دھونا نہیں ڈالا، ان کے ساتھ تو کچھ نہیں ہوا، انہیں سہولتیں میسر ہیں۔

install suchtv android app on google app store