تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج کا فیصلہ فائل فوٹو تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی نے ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سینئر قیادت کا اجلاس آج زمان پارک میں طلب کر لیا ہے۔

مشاورتی اجلاس میں پارٹی کے سینئر وکلاء بھی شریک ہوں گے، اور عمران خان پارٹی کے سینئر رہنماؤں سے موجوہ صورتحال کے حوالے سے حکمتِ عملی پر مشاورت کریں گے، جب کہ دیگر پارٹی رہنماؤں کی ممکنہ گرفتاریوں کے ردعمل کی حکمت عملی پربھی مشاورت ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نے حکومت کی انتقامی کارروائیوں پر ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے عمران خان نے پارٹی رہنماوں کو آج کے اجلاس کے لیے ٹھوس تجاویز پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مشاورت مکمل کر لی ہے۔

پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے باہرمرحلہ وار کارکنوں کو دھرنا دینے اور احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کارکنان مختلف شفٹوں میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج کریں گے۔

شیڈول کے مطابق پہلے مرحلے میں لاہور کے مختلف ٹاؤنز کے ورکرز زمان پارک کے باہر ڈیوٹی دیں گے، ان میں سے ایک ٹاؤن کے ورکرز صبح شام دو شفٹ میں زمان پارک کے باہر پہنچیں گے۔

دوسرے مرحلے میں دیگر اضلاع کے کارکن بھی زمان پارک میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے، شیخوپورہ گوجرانولہ ننکانہ صاحب، قصور،اوکاڑہ اورگجرات کے کارکن مختلف شفٹوں میں زمان پارک کے باہرڈیوٹی دیں گے۔

 

 

install suchtv android app on google app store