قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آج اہم فیصلے متوقع فائل فوٹو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آج اہم فیصلے متوقع

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سکیورٹی کی صورت حال سے متعلق اہم فیصلےکرلیےگئے۔وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، اجلاس میں ملکی سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کیےگئے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا بلاول بھٹو، خواجہ آصف، اسحاق ڈار، رانا ثنااللہ، مریم اورنگزیب سمیت سروسز چیفس اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان بھی شریک ہوئے جب کہ اجلاس میں ڈی جی آئی بی اور ڈی جی ایف آئی اے خصوصی دعوت پرشریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے امن دشمنوں کے خلاف سخت کارروائیوں پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد سے کوئی رعایت نہ برتنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اس سے قبل جمعے کو ہونے والے اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے دہشت گردی کو بھرپور قوت سے بلاتفریق ختم کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا اور اجلاس پیر تک مؤخر کردیا تھا تاکہ تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلوں کو حتمی شکل دی جاسکے۔

قومی سلامتی کمیٹی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی سے متعلق فیصلہ سازی کا اہم ترین فورم ہے، اس کے اجلاس میں سینئر سویلین اور فوجی قیادت شریک تھی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کا دوسرے دور تک جاری رہنا کافی غیر معمولی ہے، اس لیے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ نہ صرف دہشت گردی سے نمٹنے بلکہ ملک کی تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھی فیصلے کیے جائیں گے۔

حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ سول اور فوجی قیادت نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ دہشت گردی کا شکار پاکستان 2001 میں شروع ہونے والی دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ کے بعد امن حاصل کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست دہشت گردی کو دوبارہ سر اٹھانے نہیں دے گی کیونکہ یہ امن ہزاروں پاکستانی شہریوں کی قربانی کی بدولت حاصل کیا گیا ہے۔

گزشتہ چند مہینوں کے دوران ملک میں امن و امان کی صورت حال مزید خراب ہوئی ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان، داعش اور گل بہادر گروپ جیسے دہشت گرد گروہ پورے ملک میں بے دریغ حملے کر رہے ہیں۔

بلوچستان میں باغیوں نے بھی اپنی پرتشدد سرگرمیاں تیز کردی ہیں اور کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ گٹھ جوڑ قائم کرلیا ہے۔

بنوں میں خیبرپختونخوا پولیس کے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے تفتیشی مرکز میں پیش آنے والے واقعے اور اسلام آباد میں خودکش دھماکے کی کوشش نے ناصرف ایوان اقتدار میں خطرے کی گھنٹی بجائی بلکہ کئی ممالک کو اپنے شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے فکرمند بھی کردیا ہے۔

install suchtv android app on google app store