فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام جاری

فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام جاری فائل فوٹو فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام جاری

دنیا بھر میں آج فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج فلسطینی عوام کیلئے پاکستان کی مسلسل اور دوٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہوں، پاکستان تاریخی طور پر فلسطینیوں کی جائز جدوجہد کی حمایت کرتا آیا ہے اور کرتا رہے گا، پاکستان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ شرائط اور امن معاہدے کیلئے مذاکرات پر فلسطینی رضامندی کا حمایتی ہے۔

عارف علوی کا کہنا ہے کہ بے گناہوں کا خون بہایا گیا اور فلسطینیوں کا خون بہنے کا سلسلہ ابھی تک نہیں رکا، فلسطینیوں کے خلاف نہ تھمنے والا اسرائیلی تشدد، اسرائیل کا فلسطین پر ناجائز قبضہ اس تنازعہ کی ناقابل تردید حقیقتیں ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو ضم کرنا، الحاق اور قبضہ انسانی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، طاقت کے زور پر علاقے پر قابض ہوا جاسکتا ہے مگر عوام کے دل و دماغ پر قبضہ نہیں کیا جاسکتا، فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہد حق خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی، پاکستان فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سنگین چیلنج ہے، عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو آج منگل کو منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ فلسطینی عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے مسلسل مشکلات کا شکار ہیں، قابض فوج کے ہاتھوں اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں ناانصافیوں کے علاوہ وحشیانہ قبضے نے بدحالی، مایوسی اور ناامیدی کو جنم دیا ہے، مسلسل اسرائیلی تشدد کی تازہ ترین مثال اس سال اگست میں دیکھنے کو ملی جب غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 17 بچوں سمیت تقریباً 50 فلسطینی جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات سے استثنیٰ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جب تک عالمی برادری مظالم کے خاتمے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کرتی فلسطینی عوام اموات، زخموں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے ایک سنگین چیلنج ہے، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمہ کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا چاہئے، دو ریاستی حل کے امکانات کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اسرائیل کو مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنی غیر قانونی بستیوں کی توسیع سے روکا جائے۔

install suchtv android app on google app store