ملک میں جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے: شرجیل میمن

شرجیل میمن فائل فوٹو شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان پہلے صدر عارف علوی سے استعفیٰ دلوائیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے کل میدان چھوڑنے کی بات کی ہے، پنجاب حکومت کے وسائل استعمال کر کے جلسہ کیا گیا، حکمران اتحاد پاکستان میں جمہوریت کیلئے جدوجہد جاری رکھے گا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان کے اپنے لوگ استعفوں کے حوالے سے پیچھے ہٹ گئے تھے، پرویز الٰہی نہیں چاہیں گے عمران خان کے کہنے پر اقتدار چھوڑیں،استعفوں کی بات عوام کو بے وقوف بنانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے عوامی فائدے کا ایک پروجیکٹ بھی شروع نہیں کیا،استعفے دلوانے ہیں تو عمران خان پہلے عارف علوی سے استعفیٰ دلوائیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے پر وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے بات کی ہے، کراچی کیلئے ٹرانسپورٹ کے منصوبے جاری ہیں، ورلڈ بینک کے ساتھ یلولائن پروجیکٹ پر بھی کام شروع ہو جائیگا۔

 

install suchtv android app on google app store