اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو آرمی چیف کی تعیناتی کا مکمل اختیار دیدیا

اتحادی جماعتوں کا اجلاس فائل فوٹو اتحادی جماعتوں کا اجلاس

اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم کو تقرری سمیت اہم فیصلوں کا مکمل اختیار سونپ دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا، جس میں سابق صدر آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، خالد مگسی، کابینہ اراکین سمیت دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ’شہباز شریف صاحب، آپ وزیر اعظم ہیں اور آئین نے یہ اختیار اور استحقاق آپ کو سونپا ہے‘۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس منصب پر بٹھایا ہے، یہ آپ کا آئینی حق ہے جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی نے کہا کہ آپ جو فیصلہ کریں، ہم آپ کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں‘۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب، ہم ہر فیصلے میں آپ کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر اور سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آپ پر مکمل اعتماد ہے، آپ کا آئینی حق ہے، آپ نے ہم سے مشاورت کی جس پر ہم آپ کے مشکور ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے تمام اتحادیوں کو اعتماد میں لیا جس پر تمام اتحادیوں کا وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اعلان کیا کہ وزیراعظم جو بھی فیصلہ کریں ہمیں قبول ہوگا۔

اس سے قبل وزیراعظم ہاؤس میں چوہدری شجاعت حسین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات بھی ہوئی جس میں تقرری سمیت ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store