اہم تعیناتی پر اتفاق رائے ہو چکا تاہم فیصلہ وزیر اعظم کریں گے: رانا ثنا اللہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ فائل فوٹو وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اہم تعیناتی پر اتفاق رائے ہو چکا ہے تاہم فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا تجربہ ہے حساس نوعیت کے فیصلے سے پہلے اتفاق رائے ہوتا ہے اور اہم تعیناتی پر اختیار وزیر اعظم کا ہے جبکہ اس معاملے پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ وزیر اعظم ہی کریں گے جو ان کا آئینی اختیار ہے اور تعیناتی پر یقینی طور پر وزیر اعظم نے عسکری لیڈر شپ سے بات کی ہو گی۔ آرمی چیف کی تعیناتی کسی کو سرپرائز دینے والی بات نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرنا چاہتا کہ فیصلے سے پہلے قیاس آرائی ہو اور اہم نوعیت کی تقرری کو پیپرز پر لانے سے پہلے انڈرسٹینڈنگ ضروری ہے۔ مشاورت سے مراد کسی کا اختیار تو نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کسی سے بھی بات کر سکتے ہیں لیکن فیصلہ وزیر اعظم نے ہی کرنا ہے۔ تعیناتی کا معاملہ پیپر پر آنا باقی ہے اور ایک سے 2 دن میں آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ ہو جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میں مزید تاخیر مناسب نہیں ہو گی اور نواز شریف نے کبھی بھی کسی آرمی چیف سے وہ باتیں نہیں کیں جو یہ منسوب کرتا ہے۔ اسحاق ڈار کی جہاں مدد درکار تھی وہ حاصل کی گئی۔ عمران خان نے ہمیشہ غلط بیانی سے کام لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو معلوم ہے اپریل، مئی سے پہلے الیکشن نہیں ہو سکتے اور عمران خان کا لانگ مارچ کہیں نظر نہیں آرہا بس لانگ مارچ کے نام پر ضلعی سطح پر تماشا ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی جماعت میں کوئی قابل اعتبار نہیں ہے کیونکہ شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور فواد چودھری سے کئی بار مختلف معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔

install suchtv android app on google app store