عمران خان کی تقاریر پر پیمرا پابندی کا حکم نامہ منسوخ

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عمران خان کی تقریر اور نیوز کانفرنس نشر کرنے پر پابندی عائد کردی، جس کو حکومت نے اختیارات کا استعمال کر کے منسوخ کردیا۔

پیمرا نے عمران خان کے حالیہ سخت بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کی تقریر اور نیوز کانفرنس دکھانے پر پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عمران خان کی ریکارڈ تقریر اور نیوز کانفرنس بھی نشر نہیں کی جاسکتی، تمام ٹی وی چینلز اس پابندی پر عمل کریں اور احکامات کو مانیں۔ پیمرا نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے لانگ مارچ کے دوران قومی اداروں پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، عمران خان کی تقاریر ٹاک شوز میں بغیر ایڈیٹوریل نگرانی کے نشر کی گئیں، متنازع اور الزام تراشی پر مبنی تقاریر سے عوام میں اداروں کے خلاف نفرت پھیلنے کا خدشہ ہے۔

پیمرا کے مطابق عمران خان کے بیانات اور تقریر پر پابندی پیمرا آرڈیننس 2002 کے تحت عائد کی گئی ہے۔

مزید جانیے: عمران خان کی تقاریر اور پریس کانفرنس دکھانے پر پیمرا نے پابندی لگادی

دوسری جانب وفاقی حکومت نے پیمرا قانون کے سیکشن فائیو کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عمران خان کی تقریر نشر کرنے پابندی کے پیمرا کے حکم نامے کو منسوخ کردیا۔

واضح رہے کہ پیمرا قانون کا سیکشن فائیو وفاقی حکومت کو مخصوص حالات میں اتھارٹی کے اختیارات معطل کرنے کا اختیار دیتا ہے. وفاقی حکومت اختیارات کا استعمال کرکے اتھارٹی کا حکم معطل کر سکتی ہے۔

install suchtv android app on google app store