سیلاب سے معیشت تباہ ہوئی لیکن ہم دوبارہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو فائل فوٹو بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیلاب سے معیشت تباہ ہوئی لیکن ہم دوبارہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بڑے حصے میں تاحال سیلابی پانی موجود ہے، بلوچستان اور سندھ کے بیشترعلاقوں میں سمندر ہی سمندر ہے اور سیلاب کا پانی دریاؤں سے نہیں بلکہ آسمان سے آیا۔

انہوں نے کہا کہ 3 کروڑ لوگ قدرتی آفت سے متاثر ہوئے اور جون سے لے کر آج تک متاثرین سیلاب کی مدد کا سلسلہ جاری ہے۔ متاثرین کی تعداد امداد اور وسائل سے زیادہ ہے اور ایک تہائی پاکستان سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم مایوس نہیں اور سیاست نہیں ملکی مفاد کو دیکھنا ہوگا اور اس وقت ملک کو متحد کر کے عوام کی مدد کرنا ہو گی۔ ہمیں پہلی بار ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ وزیر اعظم پورے ملک کو اون کر رہے ہیں لیکن کچھ لوگ اب بھی کچھ الگ سوچ رہے ہیں انہیں عوام کا سوچنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ کو روکنے کی تیاریاں شروع کردیں

انہوں نے کہا کہ جب پرویز مشرف کی حکومت تھی تو کیا ہم نے لانگ مارچ شروع کیا تھا۔ سیاست ہوتی رہے گی اور الیکشن بھی ہوتے رہتے ہیں مگر یہ وقت ملک کو مشکل سے نکالنے کا ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ ملک کو وحدت کی ضرورت ہے اور متاثرین کی مزید امداد کے لیے کام کرنا ہو گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا سیلاب متاثرین موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں؟ یہ ترقی یافتہ ممالک کا نتیجہ بھگت رہے ہیں لیکن پاکستان کے لوگوں نے تاریخ میں ہر مشکل کو دیکھا اور اس کا سامنا کیا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان آئے اور انہوں نے اپنی آنکھوں سے سب کچھ دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے کوششوں پر زور دیا اور اقوام متحدہ کا ایجنڈا موسمیاتی تبدیلی میں تبدیل کر دیا۔ انتونیو گوتریس اور امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ پوری دنیا کو پاکستان کی مدد کرنی ہے۔ جہاں جہاں انفراسٹرکچر کا نقصان ہوا ہے اسے کھڑا کریں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نومبر کے اختتام تک نئی فصل اگانے کے قابل ہوں گے اور ہم چھوٹے کسانوں کو تعاون فراہم کریں گے۔ سیلاب سے معیشت تباہ ہوئی لیکن ہم دوبارہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ سندھ حکومت کو کہا ہے کہ محنت سے اگلی فصل ہر حال میں اگائیں گے اور اس مشکل سے نکل کر پورے پاکستان کو ایک چھتری تلے لائیں گے۔

 

install suchtv android app on google app store