4 سال کی خراب معیشت کو 6 ماہ میں ٹھیک نہیں کیا جاسکتا: وزیر خزانہ اسحاق ڈار

اسحاق ڈار فائل فوٹو اسحاق ڈار

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 4 سال کی خراب معیشت کو 6 ماہ میں ٹھیک نہیں کیا جاسکتا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج اسلام آباد میں احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوئے ، ان کے ہمراہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ بھی تھے، عدالت نے حاضری کے بعد انہیں جانے کی اجازت دے دی۔

عدالت نے اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے نیب سے 7 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ میرے خلاف کیس جھوٹا ہے،مجھ پر عمران خان نے کیس بنایا انٹر پول نے بھی کلین چٹ دی، ٹی وی چینل نے جھوٹا الزام لگانے پر برطانیہ میں 3 کروڑ ہرجانہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مس مینجمنٹ کا شکار ہے، پاکستان میں معاشی استحکام کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے،عمران خان ملک کو مزید مشکلات سے دوچار نہ کریں،عمران خان نے جاتے جاتے معیشت کو نقصان پہنچا یا ،وہ کہتے رہے ہیں کہ میں نے بارودی سرنگ بچھادی ہے،

اسحاق ڈار نے کہا کہ غیر قانونی کام ہوتے رہے ہیں،میرے خلاف کیس کو 10منٹ میں ہوامیں اُڑ جاناچاہیے تھا،میرے آنے سے پاکستان کے قرضوں میں کمی آگئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ معیشت کو بحال کریں گے سب سے پہلے شرح سود کو نیچے لائیں گے،پاکستان کے 5 سال ضائع ہو گئے اور ملک اب 30 سال پیچھے جا چکا ہے،پاکستان ڈیفالٹ سے دور ہوگیاہے،کچھ دن دیں ،معیشت بہترکرنے کی کوشش کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ جو کہہ رہے ہیں کہ ڈیل ہوئی ہے ان سے پوچھیں کہ مجھے پاسپورٹ کیوں نہیں دیا گیا،

مفتاح اسماعیل نے اپنے تجرنے کی بنیاد پر معیشت بہترکرنے کی کوشش کی، ان کی وجہ سے پاکستان نادہندہ ہونے سے بچ گیا، وہ ہماری معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے،4سال کی خراب معیشت کو 6ماہ میں ٹھیک نہیں کیاجاسکتا،سیاست کو ایک طرف کرکے ملکی مفاد کے لیے کام کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ ملکی معیشت کو اچھی حالت میں چھوڑ کرگئی، 3 دھرنوں کے باوجود ہم نے معیشت کو بہترکیا،عالمی معاشی اداروں نے ہمارے دور میں معاشی ترقی کا اعتراف کیا۔

ماضی میں معیشت کے ساتھ جوکچھ ہوا سب جانتے ہیں،ہمارے دورمیں مستحکم معیشت کا گزشتہ حکومت نے بیڑہ غرق کیا، ہمیں مشکل چیلنجز کا سامنا ہے ،ہم کام کریں گے ،کامیابی اللہ دے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ میں نے مارکیٹ میں ڈالر نہیں پھینکے ،الزامات بے بنیاد ہیں،ہمارے دورمیں معیشت اگر بہتر ہوئی تو وہ کامیاب حکمت عملی تھی،1999میں معاشی استحکام کو ن لیگ نے دوام بخشا۔

پاکستانی کرنسی کے ساتھ کسی کوکھیلنے نہیں دیں گے ،روپیہ تگڑا ہورہاہے ،ڈالر کمزور ہوا،قرضوں کا بوجھ کم ہواہے،معاشی امور کو بہتر انداز میں سرانجام دیں گے،ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیانے پابندیاں لگائیں۔

اس موقع پر ایک صحافی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں بارے سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ دو چار دن تو دو، ابھی پیٹرول کی قیمتوں پر کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے عدم حاضری کی بنیاد پر اسحاق ڈار کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے تھے جنہیں گزشتہ ہفتے معطل کر دیا گیا تھا اور عدالت نے حکم دیا تھا کہ انہیں وطن واپس پر گرفتار نہ کیا جائے۔

install suchtv android app on google app store