سیلاب متاثرین کے لئے عالمی برادری کی اعلان کردہ رقوم میں سے نصف بھی موصول نہ ہوئی

سیلاب متاثرین فائل فوٹو سیلاب متاثرین

عالمی ممالک کے اعلان کردہ 150 ملین ڈالرز میں سے صرف 59.4 ملین ڈالرز ہی موصول ہوسکےپاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کے بعد 25 روز میں اعلان کردہ رقوم میں سے نصف بھی موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان میں سیلاب سے تباہ کاریوں کے بعد اقوام متحدہ کی اپیل پر 25 روز میں عالمی براداری کی جانب سے اعلان کردہ نصف رقم بھی ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔

جائزہ رپورٹ نہ ملنے کے باعث عالمی ڈونرز کانفرنس کا انعقاد بھی تاخیر کا شکار ہے، چار اکتوبر کو نیویارک میں رکن ممالک کو نقصانات پر بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد اقوام متحدہ نئی اپیل کرے گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ایمرجنسی فلیش اپیل پر فنڈز کی فراہمی سست روی کا شکار ہے، جب کہ اقوام متحدہ کو سیلابی نقصانات پر جائزہ رپورٹ بھی ابھی تک موصول نہیں ہوئی، جائزہ رپورٹ کی بنیاد پر ہی عالمی ڈونرز کانفرنس کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ 4 اکتوبر کو نیویارک میں رکن ممالک کو نقصانات پر بریفنگ دی جائے گی، بریفنگ کے بعد متاثرین کی بحالی و تعمیر نو کیلئے اقوام متحدہ نئی اپیل کرے گا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ اور پاکستان کی جانب سے 31 اگست کو 160.3 ملین ڈالرز کی ایمرجنسی مشترکہ فلیش اپیل کی گئی تھی، اور اپیل کے جواب میں عالمی ممالک نے 150 ملین ڈالرز کے اعلانات کئے تھے، تاہم 25 روز کے دوران اب تک 59.4 ملین ڈالرز ہی موصول ہوسکے۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ اپیل پر بھارت کی جانب سے بے حسی کا مظاہرہ،کچھ فراہم نہیں کیا، جب کہ امریکا، آسٹریلیا، کینیڈا، ڈنمارک اور برطانیہ نے فوری ردعمل دیا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سویڈن، پاکستان، جرمنی، جاپان اور سینٹرل ایمرجنسی ریسپانس فنڈ نے حصہ ڈالا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے 222 رکن ممالک میں سے صرف 10 نے امداد بھجوائی، ان میں سے امریکا 9 ارب 33 کروڑ، آسٹریلیا 87 کروڑ 81 لاکھ روپے اور سینٹرل ایمرجنسی ریسپانس فنڈ نے تقریباً 2 ارب 33 کروڑ روپے بھجوائے۔

سفارتی ذرائع کے بتائے گئے اعداد وشمار کے مطابق کینیڈا کے 82 کروڑ 90 لاکھ، ڈنمارک سے تقریبا 44 کروڑ 60 لاکھ روپے، برطانیہ نے 25 کروڑ 23 لاکھ ،سویڈن نے 18 کروڑ 92 لاکھ روپے جب کہ خود پاکستان نے بھی فلیش اپیل کے جواب میں تقریبا 6 کروڑ 62 لاکھ دیئے۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی اپیل پر جرمنی نے ایک کروڑ 28 لاکھ روپے کی امداد دی۔

install suchtv android app on google app store