شدید بارشوں سے تباہی کا سلسلہ جاری، مزید 6 افراد جاں بحق

شدید بارشوں سے تباہی فائل فوٹو شدید بارشوں سے تباہی

ملک کے مختلف حصون میں شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی کا سلسلہ جاری ہے، موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے مزید 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 

لسبیلہ میں 4 اموات اور 2 پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں ہوئیں جہاں افراد سیلاب میں اپنا آشیانہ کھونے کے بعد پھنسے ہوئے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان کے علاقے تونسہ میں کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلاب کی زد میں آکر 13 اور 11 سال کے دو بھائی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

سیلاب کے نتیجے میں ڈی جی خان اور راجن پور کے دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے حفاظت کے لیے اونچی جگہوں پر منتقل ہونا شروع کر دیا۔

سیلاب کے باعث بلوچستان کے کئی اضلاع زیر آب آگئے، صوبے کے اضلاع کوہلو، لہری اور بارکھان میں سینکڑوں افراد پھنسے ہوئے ہیں۔

حکام کے مطابق کوہلو میں ہفتے کی رات بھر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے ضلع کے ایک بڑے حصے میں سیلاب آگیا اور سیکڑوں افراد کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ سیلاب کا پانی کئی دیہاتوں میں داخل ہوگیا جس سے کچے مکانات تباہ ہو گئے۔

کوہلو میں متعدد ندیوں میں طغیانی آنے سے کئی سڑکیں زیر آب گئیں جس سے درجنوں دیہات کا ضلعی ہیڈ کوارٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

install suchtv android app on google app store