پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے: وزیراعظم

وزیراعظم میاں شہباز شریف فائل فوٹو وزیراعظم میاں شہباز شریف

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے پاکستان کے 75ویں یوم آزادی پر پوری قوم سمیت دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشاہیر پاکستان کی عظمت کو سلام ہے جس کی وجہ سے آزاد وطن میسر آیا اور ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں جس کا اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے جنہوں نے خون کے دریا عبور کیے اور شہادتیں دیں لیکن مقصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو تقسیم ہند کے خون کی نذر ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے، آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے ملک حاصل کیا گیا، پاکستان کی ترقی کے سفر میں ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ جوہری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں بن سکتے؟ اس کے لیے ہمیں زیادہ سے زیادہ کام کرنا ہوگا، ملک کو معاشی قوت بنانے کا عہد کیا ہے اس لیے آئیں کشکول توڑنے کے لیے ہم سب ایک ہو جائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شر پسند قوتوں کو ملی یکجہتی اور باہمی اتحاد سے کچل دیں گے اور مسلح افواج کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیں گے، مایوسیاں پھیلانے والوں کی پھر ہار ہوگی۔ مقبوضہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، اللہ تعالی مقبوضہ کشمیر اور فلسطینی عوام کو آزادی نصیب فرمائے۔

واضح رہے کہ یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوا، اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔

install suchtv android app on google app store