ہیلی کاپٹر حادثے پر منفی سوشل میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز

بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے اور شہدا کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نےتحقیقات کا آغاز کردیا۔

پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے کریش ہونے و چھ شہید افسران کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کے خلاف تحقیقات کے لیے ایف آئی اے نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔

ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈشنل ڈی جی کی سربراہی میں چار افسران پر مشتمل چار رکنی جے آئی ٹی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ونگ محمد جعفر کی سربراہی میں جے آئی ٹی تحقیقات کرے گی، جس میں ڈائریکٹر آپریشن سائبرکرائم ونگ نارتھ وقار الدین سید،ایڈیشنل ڈائریکٹر ایاز، اور عمران حیدر بھی تفتیشی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔

ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی ہے۔

install suchtv android app on google app store