الیکشن کمیشن ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آنے دیتا:عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں آنے دیتا، عوام اپنے ووٹ سے اپنے ملک کے فیصلے نہیں کرسکتے، حکومت کو گرا اور اٹھا نہیں سکتے، کیونکہ یہ الیکشن کو کنٹرول کرلیتے ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کردیئے۔

اسلام آباد اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں الیکشن کمیشن کیخلاف احتجاج کیلئے جمع کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کو ایک قلعہ بنادیا گیا ہے، ہمارے احتجاج سے انہیں اتنا خوف کیوں ہے، ایسے لگ رہا ہے جیسے کوئی اسلام آباد پر حملہ کرنے لگا ہے، ہمیشہ کوشش رہی کہ آئین و قانون کے مطابق احتجاج کریں اور ملک کو نقصان نہ ہو، آئین ہمیں پُرامن احتجاج کی اجازت دیتا ہے۔

ن لیگ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ یہ خوف پھیلانا چاہتے تھے، 25 مئی کو جو ظلم کیا گیا وہ کبھی نہیں بھولوں گا، اللہ نے لوگوں کے دل موڑ دیئے، قوم سڑکوں پر نکلنا شروع ہوگئی، سازش کے تحت حکومت کو گرا دیا گیا، یہ سارے مطمئن ہوگئے کہ پی ٹی آئی کا جنازہ نکل گیا، ان کی دھاندلی کے باوجود یہ الیکشن ہار گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے ہماری پارٹی توڑنے کیلئے پیسہ چلایا، یہ سب کچھ فیل ہوگیا تو انہوں نے الیکشن کمیشن کا سہارا لیا، یہ ہمیشہ اداروں کو استعمال کرتے ہیں، ذوالفقار علی بھٹو کو قتل کیا گیا تو انہیں خوف تھا کہ وہ عوام میں آگیا تو سنبھالا نہیں جائے گا، پیپلزپارٹی کے جو اتحادی ہیں انہوں نے بھٹو کے قتل میں مدد کی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی سماعت کے دوران ن لیگ کا وفد الیکشن کمیشن کو ملنے گیا، جس نے کہا کہ تحریک انصاف کے فنڈنگ کیس کا فیصلہ جلد سنائیں، فیصلے میں الیکشن کمیشن اپنی حدود سے باہر نکل گیا، مخالفین کو خوف ہے کہ قوم آزاد ہورہی ہے، قوم کو غلام بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش ہورہی ہے، وہ سنبھالی نہیں جارہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے ذریعے قوم غلام بنتی ہے، لوگ ووٹ کسی کو ڈالتے ہیں یہ کسی اور کو جتوا دیتے ہیں، الیکشن کمیشن کو ایسا بنادیا گیا کہ اس کے ذریعے آرام سے حکومتیں کنٹرول ہوسکتی ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں لانے کیلئے پوری کوشش کی، اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ خفیہ ہاتھ بیٹھ کر رزلٹ کنٹرول نہیں کرسکتے، جیسے پولنگ ختم ہوتی ہے، بٹن دبائیں رزلٹ آجاتا ہے، ہمارے ہاں پولنگ کے خاتمے اور رزلٹ کے اعلان کے درمیان میں چکر چلتے ہیں ہر قسم کے حربے استعمال کئے جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا ہے کہ الیکشن سروے کرنے والے پٹن کے مطابق پاکستان میں انتخابی دھاندلی کے 163 طریقے ہیں، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے 130 طریقے ختم ہوجاتے ہیں، ایران اور بھارت بھی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے پورا زور لگا کر الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر ای وی ایم کو آنے سے روکا۔

install suchtv android app on google app store