پنجاب کے ضمنی انتخابات لوٹوں کو شکست دینگے، عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یہ جان لے کہ پنجاب کے 20 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن پر پوری قوم کی نظریں ہیں، یہ انتخابات فیصلہ کریں گے کہ الیکشن کمیشن پر عوام کو اعتماد ہے یا نہیں۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پنجاب کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی مہم کے سلسلے میں لاہور پہنچے جہاں انہوں نے پی پی 158 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کیا۔

پی پی 158 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے اکرم عثمان کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ حالی روڈ گلبرگ میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو کہتا ہوں پورا ملک ضمنی الیکشن کو دیکھ رہا ہے، یہ 20 الیکشن فیصلہ کریں گے کہ عوام الیکشن کمیشن پر اعتماد کر سکتے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نوجوانوں آپ نے ہر پولنگ اسٹیشن کو سنبھالنا ہے، گھر گھر جاکر لوگوں کو ووٹ دینے کے لیے تیار کرنا ہے کیونکہ یہ ایک حلقے نہیں بلکہ پورے پاکستان کا الیکشن ہے، آپ نے قوم کو جگانا اور احساس دلانا ہے کہ وہ چوروں کو ووٹ نہ دیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ میں واحد کپتان ہوں جو انڈیا میں ان کے امپائر ہوتے ہوئے بھی جیت کر آیا تھا کیونکہ میرے ساتھ اللہ اور میری ٹیم تھی، اب بھی انشاء اللہ عوام کے ساتھ مل کر یہ میچ جیت جاؤں گا۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کے بعد عمران خان کا پلان اچانک تبدیل ہوا اور وہ واپڈا ٹاؤن کے بجائے زمان پارک میں موجود اپنی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہیں پارٹی رہنماؤں نے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

install suchtv android app on google app store