گوادر کے مسائل حل کیے بغیر ترقی بے معنیٰ ہے، شہباز شریف

 شہباز شریف فائل فوٹو شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔ گوادر کے مسائل حل کیے بغیر ترقی بے معنیٰ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ گوادر کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کا ایک ماہ میں یہ میرا دوسرا دورہ ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم حکومتی وعدوں کو پورا کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ گوادر کے مسائل حل کریں گے اور مسائل حل کیے بغیر ترقی بے معنیٰ ہے۔ خواہش ہے کہ گوادر اور بلوچستان کے عوام کو منصوبوں سے فائدہ ہو اور مقامی افراد کے مسائل حل کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ گوادر کی ترقی ہی بلوچستان کی ترقی ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی خواہاں ہے۔ حکمرانوں کا فرض ہے کہ بلوچستان کے عوام کے مسائل اور تکلیف کم کریں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر کے ماہی گیروں کو کشتیوں کے لیے انجن دیں گے اور انجن کی تقسیم کے بعد مینٹیننس کی ذمہ داری بھی کمپنی کی ہو گی۔ 2 ہزار کشتیوں کے انجن کی تقسیم میرٹ کی بنیاد پر ہو گی۔ گوادر کے عوام بجلی کو ترس رہے ہیں لیکن ہم نے سالوں کی تاخیر کر دی اور سوال یہ ہے کہ منصوبے میں تاخیر کیوں کی گئی ؟ تاہم ایران سے بجلی کا معاہدہ ہو گیا ہے اور منگل کو کابینہ میں سامنے لائیں گے۔

وزیر اعظم نے گوادر میں ماہی گیروں کی رہائشی کالونی بنانے کے لیے 200 ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ماہی گیروں نے مسائل بتائے ہیں جنہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store