امریکا ہمارے مفاد کیلئے نہیں اپنے مفاد کیلئے حکومت تبدیل کرتا ہے: عمران خان

عمران خان فائل فوٹو عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے تو ان چوروں کا ہر صورت مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا گھر پر ڈاکہ پڑے تو چوکیدار نیوٹرل ہو سکتا ہے؟

انہوں نے پی ٹی آئی کے زیر اہتمام منعقدہ رجیم چینج سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر کیسز بنے لیکن باہر نہیں بھاگا، مقابلہ کیا، کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنا آرمی چیف لے کر آؤں گا، آج نیب اور ایف آئی اے تباہ ہو رہے ہیں، اداروں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر کے منہ سے سچ نکل آیا، میں نے پہلے کہا تھا کہ یہ دونوں جماعتیں اکٹھی ہو جائیں گی، یہ لوگ کس چیز سے ڈر رہے ہیں؟ میں تو ملک سے باہر نہیں گیا اسی عدلیہ نے مجھے انصاف دیا، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں کس کو آرمی چیف بنانا ہے؟ میں نے سوچا تھا جو میرٹ پر اترے گا اسے آرمی چیف بناؤں گا، میں نے ہمیشہ میرٹ پر عمل کیا ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد ہے اگر نئے ججز آ بھی جاتے ہیں تو ڈر کس چیز کا تھا؟ نواز شریف کے پاس چوری کا پیسہ تھا، وہ اداروں کو کنٹرول کرنا چاہتا تھا، نوازشریف اور آصف زرداری ایک دوسرے پر سچ بولتے تھے لیکن وہ الیکشن جیتنے کے لیے کہتے تھے، ان لوگوں نے سب اداروں میں اپنے لوگ بٹھا دیئے ہیں، میں نے ہمیشہ کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مفادات ایک ہیں، ان کا مفاد چوری کرنا اور اس چوری کو بچانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف تعینات کرنا چاہتا تھا جب کہ ہم چاہتے ہیں کہ فوج کا ادارہ مضبوط ہو، ان کو خوف تھا کہ میں جنرل فیض کو لانا چاہتا ہوں، کیا امریکہ حکومتیں دوسرے ملکوں کے فائدہ کیلئے تبدیل کرتا ہے؟ امریکہ ہمارے مفاد کیلئے نہیں اپنے مفاد کیلئے حکومت تبدیل کرتا ہے، سرمایہ کار تو دور کی بات، کرکٹ ٹیم بھی ٹور نہیں کرتی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکہ نے ہمارے سربراہ کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کی دھمکی دی، امریکہ کو اڈے دینا کیا ہمارے مفاد میں تھا ؟ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو استعمال کیا گیا ، دہشت گردی کے باعث اسلام آباد ایک قلعہ بنا ہوا تھا، میں نے ٹریول بک لکھی تھی، سب سے زیادہ انگریز فوجی وزیرستان میں مرا تھا، وزیرستان میں فوج بھجوا کر بہت بڑا ظلم کیا گیا۔

install suchtv android app on google app store