فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے: وزیراعظم

پاکستان سمیت مسلم دنیا کا بی جے پی ترجمان کا گستاخانہ بیان پر ردعمل فائل فوٹو پاکستان سمیت مسلم دنیا کا بی جے پی ترجمان کا گستاخانہ بیان پر ردعمل

وزیراعظم میاں شہباز شریف نے بھارت کی انتہا پسند حکمراں جماعت بی جے پی کی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ فاشسٹ مودی کی قیادت میں بھارت مذہبی آزادی پامال کر رہا ہے، بھارت میں مسلمانوں پر شدید ظلم و ستم جاری ہے، دنیا بھارتی انتہا پسندی کا نوٹس لے۔

انہوں ںے کہا کہ ہمارے لیے نبی کریم ﷺ کی محبت سے بڑھ کر اور کچھ نہیں، تمام مسلمان نبی کریم ﷺ کی محبت اور ناموس کے لیے اپنی جان قربان کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے متنازع گفتگو کی تھی۔

بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت اور اسلامی دنیا میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں انتہا پسند ہندو مسلمانوں کو مسلسل دیوار سے لگا رہے ہیں جب کہ اندرون ملک انتہاپسند ہندؤں کو سیکیورٹی فورسز کی سرپرستی حاصل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے حقوق کی خلاف ورزی بھارت میں معمول بن چکی ہے، عالمی برادری بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا اور خراب صورتحال کا نوٹس لے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت میں مسلماںوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 1500 مسلمانوں کے خلاف مقدمات درج کر کے متعدد گرفتاریاں بھی کی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی شہر کانپور میں اس حوالے سے دی گئی احتجاجی کال پر دو گروپوں کے درمیان جھڑپیں ہوئی تو پولیس نے نہ صرف مسلمانوں پر شیلنگ کی بلکہ انہیں پتھراؤ کا بھی نشانہ بنایا۔

بھارت میں جاری کشیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بریلی میں سنگین حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

مفتی اعظم عمان احمد بن حمد الخليلی نے بھارتی اشیا کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی ترجمان کا یہ اقدام ہر مسلمان کے خلاف ہے، اس پر مشرق سے مغرب تک تمام مسلمانوں کو ایک ہونا چاہیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب ممالک میں عوام کی جانب سے سخت احتجاج کیا جارہا ہے۔ مصر، سعودی عرب، قطر، بحرین اورکویت میں بائیکاٹ انڈیا کی مہم چل پڑی ہے اور بھارت سے درآمد شدہ اشیا استعمال نہ کرنے کی اپیل کی جارہی ہے جس کی عوام کی جانب سے بھرپور حمایت کی جا رہی ہے۔

مؤقر بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی کی رپورٹ کے مطابق قطر نے دوحہ میں بھارتی سفیرکو طلب کرکے بی جے پی ترجمان کی جانب سے گستاخانہ بیان پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا اور احتجاجی مراسلہ دیا ہے۔

خلیج کے ذرائع ابلاغ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کویت نے بھی بھارت کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا اور بھارتی سفیرکو دین اسلام سے متعلق گستاخانہ بیان پر احتجاجی مراسلہ دیا۔

کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کے بیان کی سختی سے مذمت کرتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store