عمران خان الٹی میٹم نہ دیں، وہ 6 صدی تک واپس نہیں آ سکتے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب فائل فوٹو وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام نے سازش اور تخریب کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔ عمران خان الٹی میٹم نہ دیں، وہ 6 صدی تک واپس نہیں آ سکتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے حیران کن اور تہلکہ خیز انکشافات کیے کہ وہ اسلام آباد تیاری کے ساتھ نہیں آئے تھے۔ عمران خان کی تیاری صرف گولیاں اور بارود جمع کرنے میں تھی کیونکہ ان کے کارکنوں کے گھروں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ ان کا مقصد خیبر پختونخوا اور وفاقی پولیس کو گتھم گتھا کرنا تھا اور چند لوگ جو گھروں سے نکلے ان کے پاس اسلحہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لانگ مارچ میں بڑی تعداد میں عوام گھروں سے نکلے تھے اور عمران خان کو جس نے پریس کانفرنس کا مشورہ دیا اس نے ان کے ساتھ زیادتی کی اور وہ کون سی رکاوٹ تھی جس نے آپ کو روکا ؟ جو پولیس اہلکار شہید ہوئے کم ازکم اس کے گھر تو آپ جاتے۔ آپ کی وجہ سے آج 5 بچے یتیم ہوئے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر آنے کے بعد رکاوٹیں ہٹا دی گئی تھیں لیکن کبھی تیاری بہانہ اور کبھی 6 دن بعد واپس آنے کا الٹی میٹم دیتے ہو۔ عوام نے سازش اور تخریب کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور عوام وہ سیاست تسلیم کرتی ہے جو ان کے مستقبل کو محفوظ کرے۔ اسلحہ لے کر انقلاب کا نعرہ لگانے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 4 سال آپ نے اقتدار میں رہ کر عوام کا معاشی قتل کیا ہے اور آئی ایم ایف کے معاہدے پر دستخط عمران خان نے کیے ہیں۔ اگر پیٹرول کی قیمت آج بڑھی ہے تو اس کافیصلہ آپ کر کے گئے تھے جبکہ اتحادی حکومت پہلے دن ہی پیٹرول مہنگا کر سکتی تھی لیکن نہیں کیا۔ ڈالر کی قیمت 189 پر آپ نے پہنچائی تھی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ابھی بھی 18 رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں، آپ نے پولیس پر تشدد کروایا اور میٹرو اسٹیشن جلا دیئے جبکہ آپ کی کال پر لوگ نکلے اور بلیو ایریا میں درختوں کو آگ لگا دی۔ عمران خان اب اپنی ناکامیوں کا بوجھ اٹھانا شروع کریں۔ آپ نے عوام کے ساتھ جو کیا اس کا بوجھ ہمیں اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پوری تیاری خونی مارچ کی تھی، ان کی تیاری اسلحہ اور ڈنڈے جمع کرنے تھے جبکہ ہم نے الیکشن کمیشن کو خود مختار کیا ہے اور آپ الیکشن کمیشن کو گالیاں دیتے رہے۔ عمران خان اوورسیز پر سیاست نہ کریں کیونکہ ہم نے اوورسیز کو ووٹ کا حق دیا ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو پارلیمان میں نمائندگی دے رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اپنی سیاست بچانے کے لیے انقلاب کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف نہ بنائیں اور 6 دن کا الٹی میٹم نہ دیں کیونکہ آپ 6 صدی تک واپس نہیں آسکتے۔ سپریم کورٹ نے 11 اپریل کو اپنی پوزیشن واضح کی اور آئین کی خلاف ورزی کے خلاف سپریم کورٹ کھڑی ہو گی۔ عمران خان گولی کھا کر سکون کی نیند سوئیں کیونکہ سپریم کورٹ نے آئین کے ساتھ کھڑا ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں نیوٹرل نے نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان، کوویڈ، چارٹر آف اکنامی کے مسائل پر ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں تھے لیکن اب عمران خان کا سیاسی بیانیہ دفن ہوچکا ہے اور عمران خان نے ہمیشہ غیر آئینی اقدامات کیے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان اب اداروں پر تنقید کرنا چھوڑ دیں اور پاکستان کے عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے۔ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور بعد میں انتخابات کا اعلان ہو گا۔

install suchtv android app on google app store