لاہور دھماکے پر اپوزیشن رہنماؤں کی پی ٹی آئی حکومت پر کڑی تنقید

 اپوزیشن رہنماؤں فائل فوٹو اپوزیشن رہنماؤں

لاہور دھماکے پر اپوزیشن رہنماؤں نے حکومت کو نااہل قرار دیتے ہوئے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے مصروف بازار میں دھماکے کا سن کر بے حد افسوس ہوا، انارکلی دھماکے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نا اہلی کھل کر سامنے آگئی ہے، صوبائی حکومت شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئی ہے۔

قائد حزب اختلاف شہباز شریف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لئے نیک فال نہیں۔

مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ ‏انار کلی بازار جسے پر ہجوم اور مصروف ترین علاقہ میں دھماکہ ایک نہایت افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔ اللّہ ان سب پر، انکے خاندانوں پر اور پاکستان پر رحم فرمائے۔

بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں دہشت گردوں کی جانب سے پولیس افسران کی شہادت کے بعد اب انارکلی میں دھماکا تشویش ناک ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں اس سے قبل فرقہ وارانہ واقعے میں تین افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ہلاکت ہوئی، ملک میں دہشت گردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جارہا ہے، عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کرسکیں۔

install suchtv android app on google app store