پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 25 جنوری کو طلب

پی ڈی ایم فائل فوٹو پی ڈی ایم

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پھر سے متحرک ہوگئی اور اسلام آباد میں تحریک کے دو اہم رہنماؤں مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف کی ملاقات ہوئی ہے۔

ہر صدی میں بحران آتا ہے، اس صدی کا بحران عمران خان ہے: بلاول حکومت پر برس پڑے

دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر پہلے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں اس سے زیادہ نا اہل حکومت نہیں دیکھی، وقت آ گیا ہے کہ حکومت سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے ہر آئینی، قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے 25 جنوری کو ہونے والے سربراہی اجلاس میں حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے سمیت تمام آپشنز پر غور کیا جائے گا۔

اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23 مارچ کو ہونے والا مہنگائی مارچ انقلابی قدم ہوگا، حکومت کے اتحادیوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ بھی سوچیں کہ یہ حکومت کیا کر رہی ہے۔

مولانا نے کہا کہ ہم عمران خان کو یہ حق نہیں دے سکتے کہ ہمارے ملک کو غیر ملکی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مرضی کے نتائج کیلئے نئے نئے لوگوں کو ایمرجنسی میں تعینات کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن کسی کا غلام نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا، حکومت کو عوام کا احساس نہیں، بین الاقوامی اداروں کا مفاد عزیز ہے، موجودہ صورت میں 23 مارچ کا لانگ مارچ اور بھی زیادہ ناگزیر ہوگیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ عوام براہ راست اپنے حق کی جنگ لڑے گی، پی ڈی ایم اس کی قیادت کرتے ہوئے عوام کی آواز بنے گی۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میاں نوازشریف کی حکومت میں موٹر ویز کا جال بچھایا گیا، بجلی کی پیداوار بڑھائی گئی، چین سے دوستی اقتصادی دوستی میں تبدیل ہوئی، ہم بند کمروں میں افتتاح کے قائل نہیں ہیں، اتنی بڑی رقم جو چین پاکستان میں انویسٹ کررہا تھا اسے جمود کی طرف دھکیلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی ہوگی اس کے بعد ہکلہ سے ڈیرہ اسماعیل خان ریلی لے جائیں گے، 25 جنوری کو پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا، اجلاس میں 23 مارچ، 5 فروری کے انتظامی معاملات طے کیے جائیں گے، پی ڈی ایم کے اس اجلاس میں حکومت کے خلاف اقدامات پر غور ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس حکومت کو فوری طور پر رخصت کرنے کیلئے بھی بات کر رہے ہیں، یہ ایک آزاد ریاست پاکستان کو دوبارہ کالونی بنانے جارہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store