حکومت نے مہنگائی کے توڑ کے لیے منصوبہ تیار کر لیا: فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری فائل فوٹو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ مہنگائی کے توڑ کے لیے ہم نے منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

انہوں نے یہ دعویٰ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں اور حکومت و ملکی معیشت بھی مستحکم ہے۔

فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 40 ہزار ڈونرز کا حساب دیا اورفارن فنڈنگ کیس میں سرخرو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اب اتنظار ہے کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی فارن فنڈنگ سامنے آئے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ فرخ حبیب کو تحریک انصاف کا نیا سیکرٹری اطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے اور کسی دوسری جماعت نے پی ٹی آئی کی طرح فنڈنگ کا حساب نہیں دیا۔ انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حیران ہوں کیسے کیسے لوگ مریم نواز کے پیچھے ہاتھ باندھے کھڑے ہوتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا دورختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی پارٹی کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں نئے لوگوں کو سامنےآنا چاہیے اور دونوں پارٹیوں کو چاہیے کہ اپنا نام تبدیل کر لیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ یہ بچے ہیں انہیں وقت کے ساتھ پتہ چل جائے گا کہ سیاست کیا چیز ہوتی ہے؟ تاہم ان کا کہنا تھا کہ نانا دادی بننے کے بعد بھی ضروری نہیں کہ عقل آجائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ن لیگ کی پارٹی کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر کا پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان اب اصل راستے پر گامزن ہے، خیبرپختونخوا میں شفاف انتخابات کرائے، اب پنجاب میں بھی شفاف انتخابات کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں لوکل گورنمنٹ کی مدت ختم ہو گئی ہے، پنجاب میں بلدیاتی قانون جلد پاس ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ ضابطہ اخلاق سےمتعلق ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مضحکہ خیزہے کہ ایم این اے اپنے حلقے میں مہم نہیں چلا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10جنوری کو قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں فنانس بل پیش کیا جائے گا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ نواز شریف کی جان پیسے میں ہے اور نیب پیسہ وصول کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو گالیاں دینے پر مریم نواز کو معافی مانگنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے کہتے ہیں کہ مقدمات پر نہیں، اصلاحات پر بات کریں، ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل آئین کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پارٹیاں ڈیلیں چاہتی ہیں جن کا اپنا قد نہیں ہے۔

install suchtv android app on google app store