لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے پہلی خاتون کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور بننے کا اعزاز حاصل کرلیا

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور کے بیجز لگارہے ہیں فائل فوٹو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور کے بیجز لگارہے ہیں

پاک فوج کی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر نے پہلی خاتون کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک پروقار تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو کرنل کمانڈنٹ آرمی میڈیکل کور کے بیجز لگائے۔ پاک فوج کی پہلی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر آرمی میڈیکل کور کی کرنل کمانڈنٹ بننے والی پہلی خاتون افسر ہیں۔

آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کی جنگ اور امن کے دوران صحت عامہ کے لیے خدمات اور اعلیٰ معیار کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آرمی میڈیکل کور نے فرض کی ادائیگی میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس اسٹاف کورونا کیخلاف جدوجہد میں صف اول کے سپاہی ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف عوام کے تحفظ اور بہبود کے لیے کوشاں ہے، پاک فوج کی پہلی تھری سٹار خاتون جنرل کو کرنل کمانڈنٹ بننے پر پاک فوج اور پوری قوم کو فخر ہے۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس اسٹاف میڈیکل سائنسز میں جدید رجحانات کو اپنائیں۔

subscribe YT Channel install suchtv android app on google app store