میڈیا میں پی ڈی ایم کے سہولت کار بیٹھے ہیں: اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر فائل فوٹو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مک مکا ختم کرنے آئے تھے، اب ملک میں دوبارہ مک مکا واپس نہیں آئے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر اسد عمر نے الزام عائد کیا کہ میڈیا میں پی ڈی ایم کے سہولت کار بیٹھے ہیں جب کہ جمہوریت کے لیے آزاد میڈیا لازم و ملزوم ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ خواجہ آصف نے ایک جذباتی تقریر کر کے صرف ایک مطالبہ کیا کہ سیاستدانوں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سردیاں گزر گئیں یہ سردی بھی گزر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو ججوں سے اپنی مرضی کے فیصلے لیتے تھے اور جج بھی فون کرکے پوچھتے تھے کہ میاں صاحب کیا حکم ہے۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے کہا کہ مریم نواز کے کیس کی سماعت 17 نومبر کو ہونی ہے اور انہیں جسٹس قیوم کی طرح کا جج چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں جنرل ضیا الحق اور جنرل جیلانی کی طرح کا ایمپائر بھی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے ذاتی مفاد کا مقدمہ ایوان میں نہ لڑیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کو پاکستان سے محبت ہے تو واپس آئیں۔

وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ والوں کو وہ میڈیا چاہیے جو ان کی تشہیر کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ لندن دوائی لینے جانے والا آج تک واپس نہیں آیا۔

پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر مراد سعید نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے نواز شریف کو صادق اور امین نہیں، جھوٹا کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ پانامہ کیس میں منی ٹریل دینے میں ناکام رہی تھی اور عمران خان کا کہنا تھا کہ لوگ پانامہ کو نہیں بھولیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج عدلیہ پر حملہ کیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store